
رسولوں کے اعمال کےآٹھویں اور نویں ابواب کلیسیا کی تاریخ میں ایک نہایت فیصلہ کن مرحلے کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں خوشخبری یروشلیم کی حدود سے نکل کر یہودیہ، سامریہ اور غیر قوموں کی سمت بڑھنے لگتی ہے۔ یہ حصہ اعمال 8:1 کے الٰہی منصوبے کی عملی تکمیل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ جس میں سیدنا یسوع مسیح نے شاگردوں کو گواہی دینے کے جغرافیائی اور روحانی دائرۂ کار کی وضاحت کی تھی۔مقدس ستفنس کی شہادت کے بعد اُٹھنے والا شدید ظلم و ستم محض کلیسیا کے لیے آزمائش نہ تھا بلکہ خُدا کے منصوبے میں ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہوا جس کے ذریعے ایماندار منتشر ہوئے اور جہاں جہاں گئے وہاں کلامِ خدا کی منادی کرتے گئے۔ کلیسیا کی یہ پیش قدمی انسانی حکمت یا منصوبہ بندی کا نتیجہ نہیں بلکہ روح القدس کی حاکمانہ رہنمائی کا اظہار تھی جو مخالفت کو بھی خدمت کے موقع میں بدل دیتا ہے۔اعمال 8 میں فلپس کے وسیلہ سامریوں میں خوشخبری کی منادی اور حبشی خواجہ سرا کی نجات اس بات کی واضح دلیل ہے کہ خُدا کا نجاتی منصوبہ نسلی، مذہبی اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہے۔ اسی طرح اعمال 9 میں ساؤلِ ترسی کی حیران کن تبدیلی کلیسیا کی تاریخ کا ایک عظیم موڑ ہےکیونکہ ایک سخت گیر مخالف کو خُدا نے اپنی کلیسیا کے لیے ایک چُنا ہوا رسول بنا دیا تھا۔ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ خُدا نہ صرف خوشخبری کو پھیلاتا ہے بلکہ اپنے مقصد کے لیے غیر متوقع اور طاقتور وسیلے بھی تیار کرتا ہے۔یوں اعمال کے یہ ابواب اس بنیادی سچائی کو نمایاں کرتے ہیں کہ خوشخبری کا پھیلاؤ انسانی حالات کا محتاج نہیں بلکہ خُدا کی خودمختار قدرت اور روح القدس کی رہنمائی کے تحت مسلسل آگے بڑھتا ہے حتیٰ کہ مخالفت، جلاوطنی اور ظلم بھی خُدا کے نجاتی منصوبے میں رکاوٹ نہیں بلکہ اُس کے مقصد کی تکمیل کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔