
مرقس کی انجیل میں خادمِ کامل سیدنا یسوع مسیح کے معجزاتِ قدرت اُن کی الوہیت اور کائنات پر اُن کے مطلق اختیار کی عظیم الشان تصویر پیش کرتے ہیں۔ یہ معجزات صرف قدرتی قوتوں پر اختیار کے متعلق نہیں بلکہ اس حقیقت کی روشن شہادت ہیں کہ خالق خود مخلوق کے درمیان کھڑا ہے۔ جب وہ طوفان کو ڈانٹ کر خاموش کرواتے ہیں ، جب وہ تھوڑی سی روٹی سے ہزاروں کو سیر کرتے ہیں ، جب وہ سمندر کی لہروں پر چلتے ہیں ، یا جب بے ثمر انجیر کے درخت پر عدالت جاری کرتے ہیں ۔ تو ہر واقعہ یہ اعلان کرتا ہے کہ ان کے پاس نہ صرف جسمانی بیماریوں بلکہ پوری کائنات کے نظام پر اختیار ہے۔ یہ معجزات اس سچائی کو واضح کرتے ہیں کہ خادمِ کامل وہی خدا کے بیٹے ہیں جو کلام کے ذریعے سمندر، طوفان، بھوک، فطرت اور حتیٰ کہ درخت کی زندگی پر بھی حکم چلاتے ہیں اور جہاں اُن کا کلام جاری ہوتا ہے وہاں قدرت اپنی کامل صورت میں آشکار ہو جاتی ہے۔