
یہ کورس مقدس مرقس کی انجیل (37:13-13:1)کے اُس وسیع حصے کا تعارف پیش کرتا ہے جہاں کامل خادم سیدنا یسوع مسیح اپنے اعمال اور کلامکے ذریعے اپنی الوہیت، اختیار اور رحم کی روشنی کو دنیا پر ظاہر کرتے ہیں۔ مقدس مرقس کی انجیل بنیادی طور پر ’’ سیدنا مسیح کی عملی خدمت ‘‘ کو پیش کرتی ہے یعنی ایسا خادم جو صرف بولتا نہیں بلکہ عمل میں خدا کی قوت ظاہر کرتا ہے۔ اس حصے میں بیان ہونے والے معجزات خصوصاً شفاؤںکا مقصد صرف جسمانی بیماری کا علاج نہیں بلکہ یہ ثبوت پیش کرنا ہے کہ کامل خادمِ خدا انسان کی پوری ہستی کو بحال کرنے آیا ہے۔ ہر شفاچاہے وہ جذامی ہو، فالج زدہ، اندھا، گونگا یا خون کی بیماری والی عور ت ایک نئی روحانی حقیقت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ کیونکہ کامل خادمِ خدا ٹوٹے ہوئے جسم کو ہی نہیں بلکہ شکستہ روح کو بھی چھوتا اور اٹھاتا ہے۔ مقدس مرقس کی انجیل میں معجزات محض قدرت کے مظاہرے نہیں بلکہ ’’ کامل خادم کی معرفت خدا کے دل کا انکشاف‘‘ ہیں ایک ایسا دل جو درد مند، مہربان، اور مایوسیوں میں گھرے انسان کو چھو کر بحال کرنا چاہتا ہے۔ اس کورس میں ہم دیکھیں گے کہ کس طرح یہ تمام معجزات مل کر خادمِ حقیقی کی تصویر کو نہ صرف روشن کرتے ہیں بلکہ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ یسوع مسیح کے الفاظ میں بھی قوت ہے اور کاموں میں بھی۔ وہ ایک ایسا خادم ہے جو ہاتھ بڑھا کر شفا بھی دیتا ہے اور زبان کھول کر زندگی بھی بخشتا ہے۔