
پچھلے کورس میں ہم نے پہاڑی وعظ کے متعلق سیکھا اس میں اخلاقیات کے جو اصول ہیں ان سے بڑے اصول کہیں ہوہی نہیں سکتے۔ مسیح کے معجزات یہ ثابت کرتے ہیں کہ جو شخص عظیم اصولوں کو پیش کر سکتا ہے وہ ان کو حرکت اور عمل میں بھی لا سکتا ہے۔ ہمارے حضور کریم جناب سیدنا یسو ع مسیح صاف طور یوحناکی انجیل کے پندرہویں باب کی پانچویں آیت میں فرماتے ہیں ”۔۔۔کیونکہ مجھ سے جدا ہو کرتم کچھ نہیں کر سکتے۔“ پہاڑ ی پر وعظ دینے کے بعد ہم سیدنامسیح کے معجزات دیکھتے ہیں۔ اس کورس میں ہم سیدنا مسیح کےشفائیہ معجزات پر غور کریں گے ۔یہ معجزات متی کی انجیل کے مختلف ابواب میں مندرج ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر معجزات آٹھویں اورنویں باب میں موجود ہیں۔آٹھویں باب میں چھ معجزات کاذکر ہے۔یسوع مسیح کے شفا دینے کے معجزات محض جسمانی علاج کے لیے نہیں تھے، بلکہ وہ ان کی الٰہی طاقت، ایمان کی قوت، خدا کی رحمت، اور نجات و بحالی کے وعدے کی نشانی تھے۔ یہ ہمیں دعوت دیتے ہیں کہ ہم اپنی روحانی اور جسمانی شفا کے لیے یسوع پر بھروسہ کریں۔