مقدس مرقس کی انجیل کے ابتدائی مناظر میں خُداوند یسوع مسیح کو خادم کے رُوپ میں پیش کیا گیا ہے۔ مندرجہ ذیل تین واقعات خادمِ خدا کی خدمت کے آغاز کا مضبوط نقشہ بناتے ہیں۔ سب سے پہلےباب 1 کی آیات 1 تا 8 میں مقدس یوحنا بپتسمہ دینے والا خادمِ خدا کو دنیا کے سامنے متعارف کراتا ہے۔ایک ایسی آواز جو بیابان میں پکار کر راستہ تیار کرتی ہے اور اعلان کرتی ہے کہ اُس کے بعد وہی آنے والا ہے جو اُس سے قوی تر ہےاور جو روح القدس سے بپتسمہ دے گا یہی خدمت کے دور کا آغاز ہے۔ پھر آیات 9 تا 11 میں خدا باپ خود اس خادم کی تصدیق کرتا ہے۔آسمان کھلتا ہے، روح القدس کبوتر کی صورت میں نازل ہوتا ہے اور باپ کی آواز گونجتی ہے، ’’تو میرا پیارا بیٹا ہے، تجھ سے میں خوش ہوں‘‘؛ یہ الٰہی سندسیدنا مسیح کی خدمت کے اختیار اور اس کی الوہیت کا اعلان ہے۔ اس کے فوراً بعد آیات 12 تا 13 میں آزمائش آتی ہےجہاں روحسیدنا یسوع مسیح کو بیابان میں لے جاتاہے اور وہ شیطان کی آزمائشوں کا سامنا کرتے ہیں اور شیطان پر خدا کے کلام سے غالب آتے ہیں۔ یہ خادم کی عملی تیاری ہےوہ خدمت میں قدم رکھنے سے پہلے مقابلہ، ضبطِ نفس اور فتح کے میدان سے گزرتا ہے۔ یوں مرقس کے ان ابتدائی واقعات میں خادم کا تعارف، اس کی آسمانی توثیق اور اس کی آزمودہ تیاری سب ایک ساتھ مل کر اس کی الوہی خدمت کے عظیم نقشے کو واضح کرتے ہیں۔