
مقدس مرقس کی انجیل میں بیان کردہ تعلیمات المسیح سیدنا یسوع مسیح کی اُس جامع اور متوازن خدمت کو آشکار کرتی ہیں جس میں کلام، اختیار، قربانی اور شاگردی سب ایک ہی الٰہی مقصد کے تحت جڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔یہ انجیل ہمیں خادمِ کامل کی نہ صرف قدرت بلکہ اُن کی تعلیم کی گہرائی سے بھی روشناس کراتی ہے۔ انجیل کی منادی سے متعلق ابتدائی اعلان’’خدا کی بادشاہی نزدیک آ گئی ہے، توبہ کرو اور خوشخبری پر ایمان لاؤ‘‘ (مرقس 1 باب)اس پوری انجیل کی بنیاد رکھتا ہےکیونکہ یہی پیغام مسیح کی تمام تعلیمات اور اعمال کا مرکزی محور ہے۔ سبت کے بارے میں تعلیم واضح کرتی ہے کہ شریعت انسان کے لیے ہے نہ کہ انسان شریعت کے لیےاور ’’ابنِ آدم سبت کا بھی مالک ہے‘‘یہ اعلان سیدنا یسوع کے اختیار کی گواہی ہے۔ نئے رشتے کی تعلیم میں خونی تعلقات سے بڑھ کر روحانی اطاعت کو فوقیت دی گئی ہےجس سے خدا کی بادشاہی میں داخل ہونے کا معیار واضح ہوتا ہے۔شاگردوں کو بھیجنا اور پھر اُن کا واپس آنا کلیسیا کی خدمت کا نمونہ پیش کرتا ہے جہاں اختیار مسیح کا ہے مگر خدمت شاگردوں کے ذریعے انجام پاتی ہے۔ مقدس مرقس کی انجیل کے وسطی حصے میں بار بار صلیب موت اور قیامت کی پیش گوئیاں اس سچائی کو اجاگر کرتی ہیں کہ خادمِ کامل کی خدمت کا نقطۂ عروج جلال نہیں بلکہ قربانی ہے۔ عظمت کا معیاردنیاوی اقتدار کے برعکس فروتنی اور خدمت کو بلند کرتا ہے جبکہ فرقہ پرستی کی سرزنش خدا کی وسیع بادشاہی کی جھلک دکھاتی ہے۔ جہنم سے متعلق سخت تنبیہ اور شادی کے بارے میں تعلیم اخلاقی سنجیدگی اور خاندانی پاکیزگی پر زور دیتی ہیں۔سیدنا یسوع کے اختیار پر سوال اور اُن کا حکیمانہ جواب یہ ثابت کرتا ہے کہ اُن کا اختیار انسانی نہیں بلکہ آسمانی ہے۔ قیامت پر صدوقیوں کے ساتھ مکالمہ زندہ خدا کی قدرت اور ابدی زندگی کی حقیقت کو ظاہر کرتا ہےجبکہ سب سے بڑا حکم محبتِ خدا اور محبتِ انسان کو تمام شریعت کا خلاصہ قرار دیتا ہے۔ آخرکار زیتون کے پہاڑ کی گفتگو مستقبل، آزمائشوں اور ابنِ آدم کی جلالی آمد کی طرف نظر دلاتی ہے۔ مقدس مرقس کی انجیل کی یہ تعلیمات مل کر ایک مکمل مسیحی زندگی کا خاکہ پیش کرتی ہیں ایسی زندگی جو ایمان، اطاعت، قربانی، محبت اور جاگتی ہوئی اُمید پر قائم ہو۔