
مقدس مرقس کی انجیل کے ابواب1:14تا 20:16میں ” خادمِ کامل “یعنی سیدنا یسوع مسیح کی موت، تدفین، قیامت اور صعود کا بیان اس حقیقت کا مظہر ہے کہ نجات کا منصوبہ مکمل طور پر الٰہی ارادے کے مطابق پایۂ تکمیل کو پہنچا۔ مقدس مرقس کی انجیل میں خدمت اور عمل پر زور دیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس آخری حصے میں خادم کی قربانی، فرمانبرداری اور فتح نہایت سادہ مگر طاقتور انداز میں پیش کی گئی ہے۔ یہاں صلیب محض کسی حادثے یا انسانی سازش کا نتیجہ نہیں بلکہ خدا کے مقررہ منصوبے کی تکمیل ہے جس میں انسان کی بدترین دشمنی اور خدا کی اعلیٰ ترین محبت ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔ باب 14 میں سیدنا یسوع مسیح کو قتل کرنے کی سازش، بیت عنیاہ میں اُن پر عطر اُنڈیلا جانا، یہوداہ کی غداری، اور فسح کی تیاری سب اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ خادمِ کامل پوری آگاہی کے ساتھ اپنی قربانی کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ باغِ گتسمنی میں اُنکی دعا اور جدوجہد اُن کی کامل انسانیت کو ظاہر کرتی ہے جبکہ ” میری نہیں بلکہ تیری مرضی پوری ہو “کہنا اُن کی کامل فرمانبرداری کا اعلیٰ ترین اظہار ہے۔ گرفتاری اور غیر منصفانہ مقدمہ اس دنیا کے عدالتی نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں مگر اسی تاریکی میں خدا کی نجات بخش روشنی جلوہ گر ہوتی ہے۔باب 15 میں مصلوبیت مقدس مرقس کی انجیل کا مرکزی نقطہ ہے۔ مکگی کے مطابق صلیب پر یسوع کا خاموش دکھ سہنا خادم کے کردار کی معراج ہے، کیونکہ وہ اپنے لیے نہیں بلکہ دوسروں کے لیے جان دیتا ہے۔ اُس کی موت کے وقت پردۂ ہیکل کا پھٹ جانا اس بات کا اعلان ہے کہ اب خدا اور انسان کے درمیان جدائی ختم ہو چکی ہے۔ تدفین اس کی حقیقی موت کی تصدیق کرتی ہے تاکہ قیامت کی حقیقت کسی افسانے یا علامت تک محدود نہ رہے۔باب 16 میں قیامت خادم کی خدمت پر خدا کی مہرِ تصدیق ہے۔ مکگی اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اگر صلیب نجات کی قیمت ہے تو قیامت اُس کی ضمانت ہے۔ خالی قبر اس بات کا اعلان ہے کہ موت شکست کھا چکی ہے اور خادم اب غالب آ چکا ہے۔ آخر میں معراج یہ ظاہر کرتی ہے کہ خادم اب جلال کے مقام پر فائز ہے اور وہیں سے اپنی کلیسیا کی خدمت کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ یوں مرقس 14 تا 16 خادمِ کامل کی خدمت کو صلیب سے تخت تک لے جاتی ہے اور یہ اعلان کرتی ہے کہ یسوع مسیح کی موت، تدفین اور قیامت ہی انسان کی نجات کی واحد، کامل اور یقینی بنیاد ہے۔